(ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات(یو اے ای ) میں رمضان المبارک کیلئے سرکاری اوقاتِ کار کا اعلان کردیا گیا۔
فیڈرل اتھارٹی برائے گورنمنٹ ہیومن ریسورسز (FAHR) نے رمضان المبارک کے دوران وفاقی وزارتوں اور اداروں کے لیے سرکاری اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلان کے مطابق پیر سے جمعرات تک دفتری اوقات صبح 9:00 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز اوقات صبح 9:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، سوائے ان ملازمین کے جن کی ڈیوٹی کی نوعیت مختلف اوقات کا تقاضا کرتی ہو۔
فیڈرل اتھارٹی برائے گورنمنٹ ہیومن ریسورسز (FAHR) نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ منظور شدہ یومیہ اوقاتِ کار مکمل کرنے کی شرط پر لچکدار اوقاتِ کار جاری رہ سکتے ہیں۔ مزید برآں، جمعہ کے روز ملازمین کو ریموٹ (گھروں سے) کام کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ ریموٹ ورک کرنے والے ملازمین کی تعداد متعلقہ ادارے کی کل افرادی قوت کے 70 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔