گورنر سندھ کی تبدیلی: فاروق ستار کا ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت چھوڑنے کا مشورہ

گورنر سندھ کی تبدیلی: فاروق ستار کا ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت چھوڑنے کا مشورہ
کیپشن: گورنر سندھ کی تبدیلی: فاروق ستار کا ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت چھوڑنے کا مشورہ

ویب ڈیسک: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کو فوری طور پر وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے پر غور کرنا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس وقت مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت ہے، تاہم سندھ میں گورنر کا عہدہ روایتی طور پر ایم کیو ایم پاکستان کو دیا جاتا رہا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اس اہم فیصلے میں پارٹی کو اعتماد میں نہ لینا افسوسناک ہے اور ایسے یکطرفہ اقدام کے بعد حکومت میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔

اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے کا علم پارٹی کو ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہوا۔ ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے اس معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کو اعتماد میں نہیں لیا، تاہم پارٹی جلد اس حوالے سے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر سندھ کی تعیناتی کی سمری منظوری کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ارسال کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں رانا ثناء اللہ، اسحاق ڈار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

Watch Live Public News