ایران کے کویت اور بحرین میں امریکی تنصیبات پر حملے، مزید کارروائیوں کی وارننگ

ایران کے کویت اور بحرین میں امریکی تنصیبات پر حملے، مزید کارروائیوں کی وارننگ
کیپشن: ایران کے کویت اور بحرین میں امریکی تنصیبات پر حملے، مزید کارروائیوں کی وارننگ

ویب ڈیسک: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل حملے کیے ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایران پر امریکا کے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ایرو اسپیس فورس نے کویت میں قائم دو امریکی فوجی فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق حملوں میں ایندھن کے ذخائر، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ایک اہم ریڈار سسٹم کو ہدف بنایا گیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں فوجی آپریشن کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہیں، جسے انہوں نے "آنکھ کے بدلے آنکھ" کی حکمت عملی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران امریکا کی فوجی کارروائیوں کا جواب دے رہا ہے اور اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز میں اپنی فوجی سرگرمیاں جاری رکھتا ہے تو ایران مزید جوابی اقدامات کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ تہران اس اہم بحری گزرگاہ میں غیر ملکی فوجی موجودگی کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔

ایرانی فوج نے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر حملے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کارروائی میں ہیلی کاپٹروں کی مرمت کی تنصیبات، ایک ہینگر جہاں امریکی پی-8 طیارہ موجود تھا، اور امریکی ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکا کی فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران بھی اپنی جوابی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

دفاعی اور علاقائی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف خلیجی ممالک بلکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی عالمی بحری تجارت اور مشرقِ وسطیٰ کے مجموعی استحکام پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News