ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں۔ وہ اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کا طیارہ ایئر فورس ون جب بین گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا تو اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس سے قبل انہوں نے واشنگٹن سے اسرائیل روانگی کے دوران طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے، اب وقت امن قائم کرنے کا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ سنا ہے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ جاری ہے۔ واپس آ کر اس معاملے کو دیکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنگیں ختم کرنے کے ماہر ہیں اور اس بار ایک اور کوشش کریں گے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بھی ٹیرف کی مدد سے روک دی گئی۔
ٹرمپ نے کہا کہ لاکھوں جانوں کو بچانا ان کا اعزاز ہے۔ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نوبل انعام کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کا مقصد انعام جیتنا نہیں بلکہ لوگوں کی جان بچانا ہے۔