نیپال: عبوری وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرکے انتخابات کا اعلان

نیپال: عبوری وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرکے انتخابات کا اعلان
کیپشن: نیپال: عبوری وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرکے انتخابات کا اعلان

ویب ڈیسک: نیپال کی سیاست میں ایک بڑا موڑ اس وقت آیا جب ملک کی پہلی خاتون عبوری وزیر اعظم سشیلا کارکی نے عہدہ سنبھالتے ہی پارلیمنٹ تحلیل کر کے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، سشیلا کارکی نے گزشتہ روز حلف اٹھایا اور اس کے فوراً بعد اعلان کیا کہ آئندہ عام انتخابات 5 مارچ 2026 کو منعقد ہوں گے۔

صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے عبوری وزیراعظم کی سفارش پر پارلیمنٹ تحلیل کر دی ہے اور باضابطہ طور پر انتخابات کی تاریخ بھی طے کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام حالیہ کشیدگی اور افراتفری کے بعد ملک کو سیاسی استحکام کی طرف لے جانے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیپال میں حالات انتہائی سنگین ہو گئے تھے، جب سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف ہونے والے پُرتشدد مظاہروں نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ان مظاہروں میں کم از کم 51 افراد جان سے گئے جبکہ 1300 سے زائد زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 21 مظاہرین، 9 قیدی، 3 پولیس افسران اور 18 دیگر شہری شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کھٹمنڈو میں فوج نے اب بھی کنٹرول سنبھالا ہوا ہے۔ متعدد سڑکیں بند ہیں، جبکہ شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ ہے۔ اس کے باوجود فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔

گزشتہ ہفتے ہونے والے تشدد کے دوران سابق وزرائے اعظم، کابینہ اراکین، پارلیمنٹ اور عدالتوں کی عمارتیں بھی نذرِ آتش کر دی گئیں جس کے باعث نیپال کو شدید سیاسی بحران کا سامنا رہا۔ اب سشیلا کارکی کے اقدامات کو ملک کو دوبارہ جمہوری راستے پر ڈالنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News