ویب ڈیسک: انگلینڈ اور ویلز میں 2025 کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ’ محمد‘ مسلسل تیسرے سال بھی لڑکوں کا سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام رہا۔
برطانیہ کے آفس فار نیشنل اسٹیٹسٹکس (ONS) کے مطابق رواں سال تقریباً 6 ہزار نومولود لڑکوں کا نام محمد رکھا گیا، جو دوسرے مقبول ترین نام نوح (Noah) سے تقریباً 2 ہزار زیادہ ہے۔ محمد اور نوح 2023 سے بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لیو (Leo) تیسرے، لوکا (Luca) چوتھے نمبر پر رہے، جبکہ آرتھر (Arthur)، اولیور (Oliver) اور جارج (George) کی مقبولیت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
او این ایس کے مطابق Mohammed اور Mohammad کی مختلف ہجوں کے ساتھ بھی یہ نام مقبول ترین 100 ناموں میں شامل رہے۔ Mohammed بیسویں اور Mohammad پچپنویں نمبر پر رہا، جبکہ ان دونوں ہجوں کے ساتھ مزید تقریباً 2,600 بچوں کے نام رکھے گئے۔ ادارہ مختلف ہجوں کو الگ الگ شمار کرتا ہے، اس لیے ان تمام اندراجات کو ایک نام کے طور پر شمار نہیں کیا جاتا۔
دوسری جانب لڑکیوں میں اولیویا (Olivia) مسلسل سب سے مقبول نام رہا، جبکہ للی (Lily)، امیلیا (Amelia)، آئلا (Isla) اور فلورنس (Florence) بھی نمایاں ناموں میں شامل رہے۔
واضح رہے کہ ’ محمد‘ 2016 سے مسلسل انگلینڈ اور ویلز میں لڑکوں کے ٹاپ 10 مقبول ترین ناموں میں شامل ہے، جبکہ یہ نام پہلی بار 1997 میں ٹاپ 100 فہرست کا حصہ بنا تھا۔