سکیورٹی خدشات، سرکاری و نجی سکول سربراہان کیلئے سخت ہدایات آگئیں

سکیورٹی خدشات، سرکاری و نجی سکول سربراہان کیلئے سخت ہدایات آگئیں

ویب ڈیسک: لاہور میں اسکولوں کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی (ڈی ای اے) نے اہم اقدامات کر لیے ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اسکولوں کی دیواروں کے ساتھ اور اطراف میں ریڑھی بانوں اور اسٹالز لگانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹی فکیشن کے مطابق سرکاری اور نجی دونوں اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسکول کی حدود یا باؤنڈری وال کے ساتھ پھل، سبزیاں یا کسی بھی قسم کی اشیاء فروخت کرنے والی ریڑھیاں ہرگز قائم نہ ہونے دیں۔

اسکول انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی اسکول کے باہر یا دیوار کے ساتھ کوئی ریڑھی بان نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ریڑھی بان کو فوری طور پر ہٹایا نہ جا سکے تو زونل ہیڈز اس معاملے کو متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کو رپورٹ کریں گے۔

ڈی ای اے نے واضح کیا ہے کہ دورانِ نگرانی اگر کسی اسکول کے باہر یا باؤنڈری وال کے ساتھ کوئی ریڑھی یا اسٹال پایا گیا تو اس کی براہِ راست ذمہ داری اسکول ہیڈ پر عائد ہو گی، خلاف ورزی کی صورت میں اسکول ہیڈ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

تعلیمی حکام کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ والدین اور شہری حلقوں نے بھی اس اقدام کو بچوں کے تحفظ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

Watch Live Public News