ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
حکام کے مطابق اقدام کا مقصد طلبا کو جدید ٹیکنالوجی، مستقبل کی ملازمتوں اور تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے لیے تیار کرنا ہے۔ اے آئی کی تعلیم سے طلبا کو ٹیکنالوجی کے بنیادی تصورات، عملی استعمال، تنقیدی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں سے آگاہی ملے گی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت سرکاری اسکولوں کی کمپیوٹر لیبز کو جدید بنانے کے ساتھ ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ اساتذہ کو اے آئی کی تدریس کے لیے خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی نظام میں مصنوعی ذہانت کی شمولیت سے صوبے میں ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ ملے گا اور طلبا مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے لیے بہتر طور پر تیار ہوسکیں گے۔