ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا کے علاقے ضلع مانسہرہ میں پولیس نے طالبات کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے سرکاری اسکول کے استاد کو گرفتار کر لیا جس کے موبائل فون سے 32 جی بی ڈیٹا پر مشتمل 91 غیراخلاقی ویڈیوز بھی برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہناہےکہ ملزم زیر تعلیم لڑکیوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بناکر انہیں اپنے پاس محفوظ کرتا تھا اور پھر لڑکیوں کو بلیک میل کرتا تھا لیکن پنڈورا باکس اس وقت کھلا جب ایک لڑکی کے گھر والوں کو موبائل فون پر ایک نازیبا ویڈیو ملی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے گھر والوں نے لڑکی سے اس ویڈیو کی تصدیق کرائی اور پھر پولیس کو شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
پولیس تھانہ لساں نواب میں درج مقدمے میں مدعی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سائل اور اس کے بھائی کو فیس بک میسنجر پر ایک ویڈیو کلپ بھیجا گیا اور جب ویڈیو کلپ کھولا تو وہ میری بہن کی نازبیا ویڈیو تھی۔
متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق اسکول کا استاد 2 سال قبل لڑکیوں کو بلیک میل کرکے ان کی غیراخلاقی ویڈیو بناتا تھا، ملزم نے اُن کی دیگر کلاس فیلوز کو بھی بلیک میل کر کے اس طرح کی ویڈیوز بنائیں اور اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ جس کے بعد ان کو دھمکی دی گئی کہ اگر اس بارے میں انھوں نے کسی کو بتایا تو یہ ویڈیوز ان کے گھر والوں کو بھیج دی جائیں گی اور اسی کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی وائرل کر دی جائیں گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پولیس نے ایک طالبہ کے اہلخانہ کی جانب سے اس واقعے کی شکایت پر مقدمہ درج کیا جس کے بعد ایک کمیٹی بنا دی گئی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
7 سالہ لڑکی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد نازیبا ویڈیوز شیئر کرنے والا ملزم گرفتار
دوسری جانب 7 سالہ لڑکی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی نازیبا ویڈیوز شئیر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بڑی کارروائی میں کم سن بچی کی نازیبا ویڈیوز بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کی شناخت بہار علی کے نام سے ہوئی۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں تلاش لوئر دیر سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے 7 سالہ لڑکی کو جنسی حوس کا نشانہ بنایا، سفاک ملزم نے غیر اخلاقی اور بدترین عمل کی ویڈیوز بنائی۔
بیان کے مطابق متاثرہ کمسن بچی گرفتار ملزم کے پاس پڑھنے آتی تھی، ملزم نے معصوم بچی کے والدین کو دھمکانے کے لیے مذکورہ ویڈیوز ان کے ساتھ شئیر کیں، ملزم نے لڑکی کے والدین کو کیس خارج کروانے کی غرض سے مذکورہ ویڈیوز کے ذریعے دھمکایا۔
ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے موبائل فون قبضے میں لیا گیا، ملزم کے موبائل فون سے مذکورہ ویڈیوز و تصاویر برآمد کر لی گئیں، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
