الیکشن کمیشن نےسینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری  کردیا

الیکشن کمیشن نےسینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری  کردیا

(ویب ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نےسینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری  کردیا۔

خیال رہے کہ سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد سینیٹ کی صوبہ سندھ سے جنرل سیٹ خالی ہوئی تھی۔

جاری شیڈول کے مطابق  17 اپریل 2025 کو ریٹرننگ افسر پبلک نوٹس جاری کرے گا، 18 اور 19 اپریل 2025 کو کاغذات نامزدگی وصول و جمع کروائے جائیں گے،  20 اپریل 2025 کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔

الیکشن شیڈول میں کہا گیا ہے کہ   22 اپریل کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی،  24 اپریل 2025 کاغذات نامزدگی بحال یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل جمع کروانے کا آخری دن ہوگا،26 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق  28 اپریل تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے،6 مئی 2025 کو سینیٹ کی خالی نشست کے لیے پولنگ ہوگی۔ پولنگ صوبائی اسمبلی سندھ میں منعقد ہوگی۔ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

ریٹرننگ افسر اور پولنگ افسران کا تقرر بھی کردیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سینیٹ کی خالی نشست کے لیئے ریٹرننگ افسر ہوں گے۔

دوسری جانب  پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز نے سندھ سے خالی سینیٹ نشست کیلئے درخواستیں طلب کرلیں۔نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ   سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد نشست خالی ہوئی،  امیدوار 18 اپریل تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ   سینیٹ ٹکٹ کے خواہشمند ایک لاکھ روپے کے پے آرڈر کے ساتھ درخواست دیں، درخواستیں بلاول ہاؤس کراچی میں ارسال کریں ۔

Watch Live Public News