امریکی سینیٹ میں ایران پر حملوں کیلئے کانگریس سے پیشگی اجازت کی قرارداد مسترد

امریکی سینیٹ میں ایران پر حملوں کیلئے کانگریس سے پیشگی اجازت کی قرارداد مسترد
کیپشن: امریکی سینیٹ میں ایران پر حملوں کیلئے کانگریس سے پیشگی اجازت کی قرارداد مسترد

ویب ڈیسک: امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف مزید حملوں کے لیے کانگریس کی پیشگی اجازت سے متعلق قرارداد مسترد کر دی۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قرارداد کے حق میں 47 جبکہ مخالفت میں 52 ووٹ ڈالے گئے، جس کے بعد یہ تجویز منظور نہ ہو سکی۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف جاری کارروائی کے لیے آئندہ دو ہفتوں کے اندر کانگریس سے منظوری حاصل کرنا تھی، بصورت دیگر 29 اپریل تک یہ فوجی کارروائی روکنا لازمی تھا۔

سن 1973 کے جنگی اختیارات کے قانون کے تحت اگر کانگریس سے اجازت نہ لی جائے تو امریکی صدر کو 60 روز کے بعد فوجی کارروائیاں ختم کرنا ہوتی ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینیٹ میں اسرائیل کو فوجی ساز و سامان کی فراہمی روکنے سے متعلق قرارداد بھی منظور نہ ہو سکی۔

اسرائیلی فوج کے لیے بلڈوزر کی فراہمی روکنے کی تجویز پر 40 ارکان نے حمایت میں جبکہ 59 نے مخالفت میں ووٹ دیا، یوں یہ قرارداد بھی مسترد ہو گئی۔

یہ بل سینیٹر برنی سینڈرز کی قیادت میں پیش کیا گیا تھا، جس کا مقصد اسرائیل کے لیے غیر مشروط امریکی حمایت پر سوال اٹھانا تھا۔

علاوہ ازیں اسرائیل کو ایک ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کی فراہمی روکنے سے متعلق ایک اور بل بھی پیش کیا گیا، جس کے حق میں 36 سینیٹرز نے ووٹ دیا جبکہ دیگر ارکان نے اس کی مخالفت کی۔

Watch Live Public News