(ویب ڈیسک) پنجاب ادارہ برائے زبان، فن وثقافت ( پلاک) نے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں انجام دی گئی نمایاں سرگرمیوں پر مبنی خصوصی نیوز لیٹر جاری کر دیا ہے، جس میں پنجابی زبان، فن، ثقافت اور ادب کے فروغ کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نیوز لیٹر کے مطابق پلاک نے ڈائریکٹر جنرل محبوب عالم چوہدری کی سربراہی میں اس عرصے کے دوران پنجابی زبان کے فروغ کے لیے مختلف تعلیمی و تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا، جن میں پنجابی (گرمکھی) کلاسز، ادبی نشستیں اور آگاہی مہمات شامل ہیں۔
ان سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنا اور اس کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
فنونِ لطیفہ کے میدان میں بھی پلاک کی سرگرمیاں قابلِ ذکر رہیں، جہاں خطاطی نمائشوں، آرٹ ایگزیبیشنز اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات میں ملک بھر سے فنکاروں نے شرکت کی اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ادبی شعبے میں پبلیکیشن کمیٹی کے اجلاس، کتب کی اشاعت اور ادبی مکالموں کا اہتمام کیا گیا، جن کے ذریعے پنجابی ادب کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ادیبوں اور قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
مزید برآں، تصوف، سماجی موضوعات اور ثقافتی ورثے پر مبنی علمی و فکری نشستوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔
نیوز لیٹر میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے منعقد کی جانے والی خصوصی تقریات، دستکاریوں کی نمائشوں اور میوزک پروگرامز کی جھلکیاں بھی شامل ہیں، جو پنجاب کی روایتی ثقافت کو زندہ رکھنے کی ایک اہم کاوش ہیں۔
مزید برآں، اس شمارے میں نمایاں شخصیات کو دیے گئے اعزازات، پلاک لائبریری میں نادر کتب کے اضافے اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
پلاک انتظامیہ کے مطابق اس نیوز لیٹر کا مقصد عوام کو ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کرنا اور پنجاب کی بھرپور ثقافت کو قومی و عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔
یہ نیوز لیٹر پلاک کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی دستیاب ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پلاک، محبوب عالم چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی پنجابی زبان، فنون اور ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔