فلوریڈا:پولیس افسر کے بیٹے کی یونیورسٹی میں فائرنگ،2ہلاک،6زخمی

فلوریڈا:پولیس افسر کے بیٹے کی یونیورسٹی میں فائرنگ،2ہلاک،6زخمی
کیپشن: فلوریڈا:پولیس افسر کے بیٹے کی یونیورسٹی میں فائرنگ،2ہلاک،6زخمی

ویب ڈیسک: فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی (FSU) میں جمعرات کے روز فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ جس میں 2 افراد ہلاک جبکہ 6 شدید زخمی ہوچکے ہیں۔ حملہ آور کی شناخت 20 سالہ طالبعلم فینکس اکنر کے طور پر کی گئی ہے، جو خود ایک سینئر پولیس افسر کا بیٹا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا ہے کہ فائرنگ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹیونین بلڈنگ کے قریب دوپہر کے وقت شروع ہوئی۔ پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا، جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ملزم نے حملہ کیوں کیا؟
FSU پولیس کے مطابق حملہ آور نے اپنی والدہ کی پرانی سرکاری پستول استعمال کی، جو ایک سینیئر اسکول ریسورس آفیسر ہیں اور ایک ماڈل افسر کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک شاٹ گن بھی برآمد کی ہے۔

شریف والٹ مکنیل کے مطابق حملہ آور "یوتھ ایڈوائزری کونسل" کا رکن رہ چکا ہے اور کئی تربیتی پروگراموں میں حصہ لے چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ "یہ حیرت کی بات نہیں کہ اسے اسلحے تک رسائی حاصل تھی۔"

ابتدائی تحقیقات میں حملے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی:

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد یونیورسٹی کے طالبعلم نہیں تھے۔ ان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

حملے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں، لیکن یونیورسٹی اخبار کے مطابق فینکس اکنر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے خلاف کیمپس میں ہونے والے مظاہرے میں حصہ لیا تھا۔

  عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

طالبہ ایوا آرینادو نے بتایا کہ "ایک ساتھی کو فون پر الرٹ آیا تو ہم سب کو فوراً اطلاع دی۔"

دوسرے طالبعلم بلیک لیونارڈ نے بتایا کہ انہیں ابتدا میں لگا جیسے تعمیراتی کام ہو رہا ہو، لیکن جیسے ہی لوگوں کو دوڑتے دیکھا، فوراً اندازہ ہو گیا کہ کوئی خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ"پہلے 12 فائر کی آوازیں آئیں، پھر مزید 12-15… سب لوگ بھاگ رہے تھے، میں بھی دوڑنے لگا۔"

ٹرمپ کا ردعمل اور گن کنٹرول پر سوال

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے "افسوسناک اور خوفناک" قرار دیا، لیکن اس موقع پر گن کنٹرول کے حوالے سے قانون سازی سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ "میں آئینی حقوق کے تحفظ کا حامی ہوں، اور ہمیشہ رہوں گا۔"

ماضی میں بھی FSU میں فائرنگ ہو چکی ہے

یاد رہے کہ 2015 میں بھی فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ایک سابق طالبعلم نے لائبریری میں فائرنگ کر کے تین افراد کو زخمی کیا تھا، جسے پولیس نے موقع پر ہلاک کر دیا تھا۔

پارک لینڈ اسکول فائرنگ (2018) میں جاں بحق ایک طالبہ کے والد فریڈ گٹن برگ نے کہا کہ اس حملے سے بچ جانے والے کئی طلبہ FSU کیمپس میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھاکہ"ناقابل یقین حد تک، آج کے واقعے میں وہ طلبہ ایک مرتبہ پھر فائرنگ کا شکار ہوئے ہیں۔ ''

Watch Live Public News