ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے پختونخوا میں حکومت سازی کے معاملے پر پی ٹی آئی پی سے کامیاب مذاکرات کیے ہیں جس کی ضیا اللہ بنگش نے بھی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں حکومت سازی اور مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے تحریک انصاف اور پی ٹی آئی پی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دو رکامیاب ہوگیا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں تمام نکات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے ترجمان ضیا اللہ بنگش نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مخصوص نشستوں کے کوٹے اور حکومت سازی کیلئےدونوں جماعتوں کی قانونی ٹیموں نے معاملات دے کرلیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور تحریک انصاف پارلیمنٹرینز نے ایک ہونے کے لیے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے۔ جس کے لیے دونوں پارٹیوں نے قانونی معاملات کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے، جو مخصوص نشستوں کے حصول سے متعلق قانونی امور کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق قانونی مسئلہ یا پیچیدگی نہ ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب ارکان پی ٹی آئی پی میں شامل ہوجائیں گے۔
ضیا اللہ بنگش کے مطابق دونوں جانب کی قیادت کی رضامندی سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ پرویز خٹک کے استعفے کا تعلق دونوں جماعتوں کے یکجا ہونے سے نہیں بلکہ صحت کی خرابی کی وجہ سے انہوں نے پارٹی چیئرمین شپ اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔
ضیا اللہ بنگش نے بتایا کہ پرویز خٹک کے بعد اب سابق وزیر اعلیٰ محمودخان پی ٹی آئی پی کے سربراہ ہیں،وہی پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر معاملات کی منظوری دیں گے۔