(ویب ڈیسک ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم نے آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کس طرح یہ ترمیم پاس کرائی گئی، پارٹی کی رضا مندی کے بغیر رکن اسمبلی کے ووٹ ڈالنے کی راہ ہموار کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کا ڈرافٹ کسی کے پاس بھی نہیں تھا پھر لیک کیا گیا، 26 ویں ترمیم کا اسمبلی کمیٹی میں پاس کردہ مسودہ اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدلیہ میں ایگزیکٹیو کی مداخلت کی راہ ہموار کی گئی، اب ایسی قانون سازی کا راستہ روکنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آئینی درخواستوں کو جلد سنے، ان درخواستوں کو وہی جج سنیں جو ترمیم سے پہلے موجود تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے خلاف تحریکِ انصاف وکلاء تحریک کی مکمل حمایت کرتی ہے۔