ویب ڈیسک: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی حکمران ورکرز پارٹی آف کوریا اور اس کے اتحادیوں نے 2026 کے پارلیمانی انتخابات میں 99.93 فیصد ووٹ حاصل کر کے سپریم پیپلز اسمبلی کی تمام 687 نشستیں جیت لیں۔
مرکزی انتخابی کمیٹی کے مطابق حکمران ورکرز پارٹی آف کوریا اور اس کے اتحادیوں نے 99.93 فیصد ووٹ حاصل کیے جس کے نتیجے میں سپریم پیپلز اسمبلی کی تمام 687 نشستیں جیت لی گئیں۔ 15 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں 99.99 فیصد ووٹرز نے حصہ لیا، صرف 0.0037 فیصد ووٹرز ووٹ ڈالنے سے محروم رہے۔
ریاستی میڈیا کے مطابق 0.07 فیصد ووٹرز نے امیدواروں کے خلاف ووٹ دیا، جو جمہوری عمل کا تاثر دینے کی حکمت عملی سمجھی جاتی ہے۔ نئی اسمبلی کا اجلاس 22 مارچ کو ہوگا، جہاں سوشلسٹ آئین میں ترامیم پر غور اور جنوبی کوریا کے حوالے سے سخت مؤقف کو باضابطہ شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں کم جونگ اُن کو دوبارہ اسٹیٹ افیئرز کمیشن کا صدر منتخب کرنے کی توقع ہے، جس سے ان کی سیاسی گرفت مزید مضبوط ہوگی۔