ویب ڈیسک: (علی زیدی) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں مشتبہ گاڑی کے ہجوم پر چڑھ دوڑنے سے 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ مشرقی ہالی وڈ میں ہفتہ کی صبح 2 بجے کے قریب پیش آیا۔
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ (LAFD) کے مطابق واقعہ ویسٹ سانتا مونیکا بلیوارڈ کے قریب پیش آیا، جو ایک مقامی میوزک وینیو کے آس پاس کا علاقہ ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 سے 5 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک، 8 سے 10 شدید زخمی جبکہ 10 سے 15 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور متاثرہ افراد کی درجہ بندی (ٹریاژ) اور اسپتال منتقلی کے عمل میں مصروف ہیں۔
تاحال گاڑی کی نوعیت، ڈرائیور کی شناخت یا واقعے کے محرکات سے متعلق کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔