ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس پر عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ روسی ایندھن کی برآمدات بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 1.30 فیصد کمی کے بعد 108.43 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 0.52 فیصد کمی کے بعد 100.88 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
اس سے قبل جمعے کو برینٹ خام تیل کی قیمت 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے جمعے کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت روس سے متعلق بعض پابندیوں اور محصولات میں چھوٹ دی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ اقدامات یوکرین کے خلاف جنگ کے معاملے پر ماسکو پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیے گئے تھے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق صدر ٹرمپ اس چھوٹ کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے 60 روز تک کا وقت لیں گے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس سے امریکا کو ڈیزل کی برآمدات سے متعلق معاہدے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔