ویب ڈیسک: امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں ،ان کی عمر 74 برس تھی ۔
تفصیلات کے مطابق ریاست ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلاجیکسن لی طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھیں۔
ان کے خاندان نے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکساس کے 18 ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی ریاستہائے متحدہ کی نمائندہ شیلا جیکسن لی کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں، انہیں قومی اور بین الاقوامی انسان دوست، انصاف اور انسانی حقوق خصوصا خواتین اور بچوں کے لیے ان کی جرات مندانہ کوششوں کی وجہ سے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔
شیلاجیکشن 1995 سے کانگریس کی رکن کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی تھیں ، وہ امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن بھی تھیں ، شیلا جیکسن سیلاب،زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں۔
سال 2022 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ان کی خدمات کے عوض ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
شیلا جیکسن نے سوگواران میں شوہر، دو بچے اور دو پوتے پوتیاں چھوڑی ہیں ۔
صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن اور پاکستان کاکس کی بانی اور شریک چیئرپرسن شیلا جیکسن لی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیلا جیکسن ایک قابل ذکر رہنما تھیں،شیلا جیکسن نے خواتین اور بچوں سمیت انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھائی، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کیلئے شیلا جیکسن کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں 2020 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ان کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں،سیلاب کی مشکل گھڑی میں ان کی مدد سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو امید اور ریلیف ملا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نےامریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی کے انتقال کا سن کر افسردہ ہوں،انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں بحیثیتِ شریک چیئرمین برائے پاکستانی کاکس کام کیا،شیلا جیکسن لی پاکستان اور امریکہ کے درمیان مستحکم تعلقات کی علمبردار تھیں،شیلا جیکسن لی کی خدمات آنے والے سالوں میں یاد رکھی جائیں گی،غم کی اس گھڑی میں شیلا جیکسن لی کے خاندان اور حمایتیوں کے ساتھ ہیں۔