ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران پر ایک بار پھر شدید حملہ کیا ہے، جو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے جواب میں کیا گیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد واشنگٹن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، "ہمیں اپنے فوجیوں کی ہلاکت پر گہرا افسوس ہے۔ وہ اس مقصد کے لیے لڑ رہے تھے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے، اور ہم ان کی قربانی کے جواب میں ایران پر انتہائی سخت حملے کر رہے ہیں۔"
ٹرمپ نے فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیلوں کا ایک عظیم عالمی ایونٹ تھا۔ انہوں نے فیفا کے صدر اور ان کی ٹیم کو کامیاب انتظامات پر مبارکباد دی اور کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے شائقین نے امریکا کو پسند کیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایکس پر جاری بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف مسلسل نویں رات فضائی حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں، جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملوں میں استعمال ہوتی ہیں۔