پی ایس ایل 7: ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان

پی ایس ایل 7: ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 7 کے لئے 19 ریزرو کھلاڑیوں کے پول کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ 27 جنوری سے 27 فروری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ان 19 میں سے 15 کھلاڑی 21 جنوری کو ٹیم ہوٹل پہنچیں گے، جہاں وہ پی سی بی کی طرف سے قائم کئے گئے ایونٹ منیجمنٹ انیورینمنٹ میں قیام کریں گے۔ باقی چار کھلاڑی ایونٹ منیجمنٹ اینورینمنٹ کا حصہ تو نہیں ہوں گے تاہم انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طلب کیا جا سکے گا۔ ریزرو پول میں شامل 15 کھلاڑیوں میں عامر جمال، ابرار احمد، عماد بٹ، عماد عالم، بسم اللہ خان، حسان خان، خالد عثمان، مصدق احمد، ناصر نواز، سلمان علی آغا، طیب طاہر، عمر امین، عمر صدیق، عثمان شنواری اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ باقی چار کھلاڑی امام الحق، عمیر بن یوسف، سعود شکیل اور زاہد محمود ہیں۔ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست فرنچائزز نے تیار کی۔ بعد ازاں جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آسٹریلیا سیریز میں شامل قومی ٹیسٹ سکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو شامل کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی سکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔ تمام ٹیموں کو میڈیکل بنیادوں پر ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لئے انہیں ٹیکنکل کمیٹی کی منظوری درکار ہوگی۔