ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین اور عامر مغل کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے سے بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد شہزاد خان نے ملزمان کی مقدمے سے بریت کی درخواستیں منظور کر لیں، ملزمان کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 26 اپریل 2024ء کو احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، شعیب شاہین ایڈووکیٹ کے دفتر سے کراچی کمپنی کی طرف احتجاج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی، فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی خصوصی سماعت کے دوران جج منظر علی گل نے سنایا۔ سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کی طرف سے وکلاء رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور ملک نے گزشتہ روز دلائل مکمل کیے تھے۔