غزہ میں جنگ بندی ، امریکی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

blinkan mbs meeting
کیپشن: blinkan mbs meeting
سورس: google

ویب ڈیسک :سعودی ولی عہد  وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے  جدہ میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی حالات خاص طور پر غزہ کی پٹی اور اس کے گرد نواح میں ہونے والی پیش رفت، فوجی کارروائیوں کو روکنے، اس کے سکیورٹی اور انسانی اثرات سے نمٹنے کےلیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 اس موقع پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسی بن محمد العیبان موجود تھے۔
امریکہ کی طرف سے مملکت میں امریکی سفیر مائیکل ریٹنی اور وفد کے دیگر ارکان شریک تھے۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو جدہ میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کا خیرمقدم کیا ۔
 ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
غزہ کی پٹی اور رفح شہر کی صورتحال میں پیش رفت اور فوری جنگ بندی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کے علاوہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

دریں اثناامریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا  ہےکہ امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کا مسودہ جمع کروایا ہے جس میں غزہ پٹی میں یرغمالیوں کی رہائی سے منسلک فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق بدھ کی شام سعودی میڈیا آؤٹ لیٹ الحادث کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹونی بلنکن نے بتایا کہ ہم نے درحقیقت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اور ہمیں پوری امید ہے کہ دیگر ممالک اس کی حمایت کریں گے۔


 

Watch Live Public News