ویب ڈیسک: بلومبرگ کی خاتون صحافی کیتھرین لوسی کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، چند روز قبل امریکی صدر ائیر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے، کہ اسی دوران کیتھرین لوسی نے ٹرمپ سے جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین کی حالیہ دستاویزات کے حوالے سے سوال کیا۔ اس پر امریکی صدر نے سوال مکمل ہونے سے پہلے ہی خاتون صحافی کو انگلی اٹھا کر خاموش ہونے کا اشارہ کیا اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ کا رویہ انتہائی غیر مہذب تھا، تاہم کیتھرین لوسی نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صحافت کی اہم شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے امریکی صدر کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
بلومبرگ نے اس معاملے پر کیتھرین لوسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے نمائندے عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں اور بغیر خوف کے سوالات پوچھتے رہیں گے۔"
وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں سے جب اس واقعے پر تبصرہ طلب کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ "کیتھرین لوسی نے جہاز میں اپنے ساتھی صحافیوں کے ساتھ نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ رویہ اپنایا، مگر اس الزام کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔"