ویب ڈیسک: پاکستان اور متعدد اسلامی ممالک نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر Mike Huckabee کے حالیہ بیان کی مشترکہ طور پر مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینی یا کسی بھی عرب سرزمین پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، ترکیہ، قطر، کویت، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، عمان، بحرین، شام، لبنان اور فلسطین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ او آئی سی، عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹریٹس بھی اعلامیے کا حصہ ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ امریکی سفیر کے ریمارکس، جن میں مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی کنٹرول کا عندیہ دیا گیا، خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور بین الاقوامی قانون و اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ مسلم ممالک نے ان اشتعال انگیز بیانات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
اعلامیے میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری کی توسیع کی شدید مخالفت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 کی سرحدوں پر آزاد ریاست کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ کسی بھی عرب ریاست کی خودمختاری کے خلاف اقدام ناقابل قبول ہوگا اور اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں خطے میں کشیدگی اور تشدد کو مزید ہوا دے سکتی ہیں۔