(ویب ڈیسک) امریکی سیکرٹ سروس نے ریاست فلوریڈا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذاتی رہائش گاہ مار اے لاگو میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کے پاس شاٹ گن اور فیول سے بھرا ایک کین موجود تھا۔
پام بیچ کاؤنٹی کے شیرف رک بریڈشا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دو سیکرٹ سروس اہلکاروں اور ایک ڈپٹی شیرف نے مشتبہ شخص کو روک کر اسے ہتھیار اور فیول کین زمین پر رکھنے کا حکم دیا۔
شیرف نے بتایا کہ ملزم نے پیٹرول کا کین تو نیچے رکھ دیا، تاہم شاٹ گن کو فائرنگ کی پوزیشن میں اٹھا لیا، جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ کسی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں موجود تھے اور ریزورٹ میں نہیں تھے۔
حکام نے فوری طور پر واقعے کے محرکات سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔تاہم ایف بی آر نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔