ویب ڈیسک: ایران پر امریکی حملوں کے بعد دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاطینی امریکا کے کئی ممالک نے ان حملوں کو غیر قانونی، خطرناک اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے، جبکہ سعودی عرب، عراق، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
برطانیہ کی امریکا کو مکمل حمایت، ایران پر الزام تراشی
برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی حملوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ "ایرانی جوہری پروگرام ایک سنگین عالمی خطرہ ہے، امریکا نے حملہ کر کے اس خطرے کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایران کو فوری طور پر مذاکرات کی میز پر واپس آنا چاہیے۔"
سعودی عرب اور عراق کی تشویش: خطہ بحران کے دہانے پر
سعودی عرب نے کہا کہ "دنیا کو انتہائی حساس حالات اور ممکنہ بحران کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں تیز کرے۔"
عراقی حکومت کا کہنا تھا کہ "ایران پر حملوں سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، ہم شدید تشویش کا شکار ہیں۔"
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی اپیل: بات چیت سے حل نکالا جائے
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی حکومتوں نے اپنے مشترکہ بیانات میں کہا کہ "ہم سب سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشیدگی کم کی جائے اور سفارتی راستے سے معاملہ حل کیا جائے۔"
کیوبا کا سخت ردعمل: اقوامِ متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی
کیوبا کے صدر میگوئل دیاز کانیل نے امریکی حملوں کو "خطرناک کشیدگی اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ: "یہ اقدام انسانیت کو ناقابلِ تلافی بحران کی طرف دھکیل سکتا ہے۔"
چلی: طاقتور ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں
چلی کے صدر گیبریل بورِک نے بھی امریکی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "طاقتور ہونا اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ آپ انسانیت کے طے کردہ اصولوں کو روند ڈالیں، چاہے آپ امریکا ہی کیوں نہ ہوں۔"
میکسیکو کی اپیل: پُرامن بقائے باہمی ہی راستہ ہے
میکسیکو کی وزارتِ خارجہ نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنی خارجہ پالیسی کے تحت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پُرامن بقائے باہمی کی بحالی پر زور دیتے ہیں۔"
وینزویلا کا سخت موقف: جنگی کارروائیاں بند کی جائیں
وینزویلا کے وزیرِ خارجہ ایوان گل نے ٹیلیگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "ہم امریکی بمباری کی بھرپور اور دوٹوک انداز میں مذمت کرتے ہیں، جو اسرائیل کے کہنے پر انجام دی گئی۔ جنگی کارروائیاں فوراً روکی جائیں۔"
اقوامِ متحدہ بھی خبردار: کشیدگی میں خطرناک اضافہ
یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ نے بھی ایران پر امریکی حملوں کو خطے میں کشیدگی میں خطرناک اضافے کا سبب قرار دیا ہے۔