ویب ڈیسک: پاکستان اور سعودی عرب نے ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔
معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دستخط کیے۔
اسحاق ڈار کے مطابق اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون مزید آسان ہوگا اور دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کو مزید فروغ ملے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پہلے ہی جاری ہے۔ دونوں ممالک نے حالیہ عرصے میں دفاعی تعاون اور پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے اقدامات بھی کیے ہیں۔