دعائیہ تقریب پر مقدمہ:علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

کیپشن: دعائیہ تقریب پر مقدمہ:علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف دعائیہ تقریب پر درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب پر درج مقدمے کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سنے۔

دوران سماعت علیمہ خان نے عدالت میں بیان دیا کہ یہ مقدمہ تھانہ سٹی پولیس نے درج کیا تھا، ہم دعا کر رہے تھے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام نے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

علیمہ خان کی میڈیا سے ٹاک
سماعت کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک ظلم سہتے رہیں گے ظلم جاری رہے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تمام کیسز زندہ لاشیں ہیں، سب ایک ایک کر کے ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، تمام کیسز کا سامنا کریں گے، القادر یونیورسٹی کیس کے فیصلے تک بشریٰ بی بی کو کیسوں میں گھسیٹا جاتا رہے گا۔

علیمہ خان نے مزید کہا ہے کہ عدت کیس بھی بے ہودہ ہے، سائفر کیس بھی ان سے نہیں سنبھل رہا، اسے بھی ختم کرنا پڑے گا، تمام کیسز میں ججز پر دباؤ ہے کہ انہیں کیسے جاری رکھا جائے۔