ویب ڈیسک: امریکی ایوان نمائندگان کے رکن جیک برگمین نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برگمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے حالیہ دورے اور مقامی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد وہ عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہرا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بنیاد جمہوریت، انسانی حقوق اور معاشی ترقی جیسے مشترکہ اصولوں پر قائم ہے اور یہ کہ دونوں ممالک کو آزادی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ برگمین، جو ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، نے اپریل کے وسط میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے برگمین پر تنقید کی جا رہی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر وہ عمران خان کی رہائی کے حامی تھے تو یہ مؤقف انہوں نے ملاقاتوں کے دوران براہ راست پاکستانی قیادت کے سامنے کیوں نہیں رکھا۔