ویب ڈیسک: ایران نے امریکی حملوں کے بعد واضح کر دیا ہے کہ وہ اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ اقوامِ متحدہ میں ایرانی مندوب نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی نمائندے کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی طرف سے عائد کیے جانے والے الزامات کسی قانونی جواز کے بغیر ہیں، یہ سب سیاسی مقاصد کے تحت کیے جا رہے ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوابی کارروائی کے وقت اور طریقہ کار کا فیصلہ ایران کی مسلح افواج خود کریں گی۔ ایرانی مندوب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکا کو جنگ کی جانب دھکیلنے میں کامیاب ہو گیا ہے اور اسی کی وجہ سے امریکا نے سفارتی ذرائع کو نظر انداز کیا۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کو پرامن جوہری توانائی کے استعمال کے اپنے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ دنیا طاقت کے استعمال کے ذریعے ایران کو دبانے کی کوششیں دیکھ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے کو غیر محفوظ بنا دیا ہے، لہٰذا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے اس سنگین صورتحال کا حل تلاش کرنا ہوگا۔