اسکول بس پر حملہ بزدلانہ قرار،تمام ممالک پاکستان سے تعاون کریں،سلامتی کونسل

اسکول بس پر حملہ بزدلانہ قرار،تمام ممالک پاکستان سے تعاون کریں،سلامتی کونسل
کیپشن: اسکول بس پر حملہ بزدلانہ قرار،تمام ممالک پاکستان سے تعاون کریں،سلامتی کونسل

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو بزدلانہ اور سفاک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں 6 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جن میں 4 طالبات شامل تھیں، جب کہ 53 افراد زخمی ہوئے، جن میں اکثریت اسکول کے بچوں کی ہے۔

سلامتی کونسل کے جاری کردہ اعلامیے میں پاکستان کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی گئی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں اور اس کے مرتکب افراد، ان کے سہولت کار، منصوبہ ساز اور مالی معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا ناگزیر ہے۔

سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں، تاکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے اور عالمی برادری کو اس کے خلاف یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

پولینڈ کا اظہارِ یکجہتی، بچوں پر حملے کو ناقابلِ معافی قرار دے دیا
ادھر پولینڈ نے بھی خضدار واقعے کی پرزور مذمت کی ہے۔ پاکستان میں پولش سفیر مکیج پسارسکی نے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے اس حملے کو سفاکیت کی انتہا قرار دیا اور کہا کہ کسی بھی وجہ سے ایسے گھناؤنے جرم کا جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے پولینڈ کے تعاون اور عزم کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News