قومی وصوبائی اسمبلی کے13حلقوں میں ضمنی انتخابات،پولنگ جاری،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

قومی وصوبائی اسمبلی کے13حلقوں میں ضمنی انتخابات،پولنگ جاری،سیکیورٹی کے سخت انتظامات
کیپشن: قومی وصوبائی اسمبلی کے13حلقوں میں ضمنی انتخابات،پولنگ کاآغاز ہوگیا

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا۔  

اس سے قبل ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں تیاریاں مکمل  کرلی گئی تھیں اور انتخابی سامان پہنچا دیا گیاتھا۔

پولنگ صبح 8  بجے سے شام 5  بجے تک ہوگی ، شہری اپنے پسندیدہ امیدواروں کے ناموں پر مہر لگائیں گے۔

این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں9 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

یہ نشست پی ٹی آئی کےعمر ایوب کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

فیصل آباد کےحلقہ این اے 96 میں 16 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ن لیگ کے طلال بدر چوہدری کا 15 آزاد امیدواروں سے مقابلہ ہوگا۔یہ نشست پی ٹی آئی کے رائے حیدر علی کھرل کی نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔

فیصل آباد کےحلقہ این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور 4 آزاد امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔یہ نشست سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کی 9 مئی کیس میں سزا کے سبب خالی ہوئی تھی۔

این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ن لیگ کے محمود قادر لغاری اور پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔

یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے باعث خالی ہوئی۔

پی پی 87 میانوالی 3

حلقہ پی پی 87 میانوالی 3 میں 193 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، مجموعی طور حلقہ بھر میں 640 پولنگ بوتھ قائم ہیں جن میں 332 مردانہ اور 308 خواتین کے پولنگ بوتھ ہیں جبکہ کل رجسڑڈ ووٹر کی تعداد 283272 ہے۔

حلقہ بھر میں 66 پولنگ سٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں، 62 پولنگ سٹیشن اے کیٹیگری، 21 بی کٹیگری اور 110 سی کیٹگری قرار دیے گئے ہیں، کندیاں : ووٹرز کی سکیورٹی کیلئے 1500 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پاک آرمی بھی پولیس کی مدد کیلئے موجود رہے گی۔

سکیورٹی انتظامات مکمل

پنجاب کے قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے، سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2 ہزار 792 پولنگ سٹیشنز میں سے 408 انتہائی حساس، ایک ہزار 32 حساس قرار دیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے جس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

ادھر ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ضمنی الیکشن کے باعث ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم خان نے دفعہ 144 نافذ کر دی جہاں اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔

Watch Live Public News