امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت

امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت
واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر امریکا کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امریکی حکومت پاکستان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سمیت مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اسلام آباد امریکا کا شراکت دار ہے، سکیورٹی کے معاملات پر ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین فور میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوتے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آئی ٹین فور میں ہونے والا دھماکہ خودکش تھا، حملہ آور نے خودکش جیکٹ سے دھماکہ کیا ، خودکش جیکٹ میں تقریبا 12 سے 15کلو بارودی مواد موجوتھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں بارودی مواد موجود نہیں تھا، سیکیورٹی ادارے ٹیکسی ڈرائیور کے بیٹے تک پہنچ گئے، خودکش حملہ آور نے ٹیکسی ہائیر کی تھی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ گاڑی میں خاتون کی موجودگی کے ثبوت نہیں ملے۔ دہشتگردی کے واقعہ میں خودکش حملہ آور کے علاوہ ڈرائیور بھی ہلاک ہوا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔