ویب ڈٰیسک: بنگلادیش میں مظاہروں میں کمی کے بعد ٹیلی کمیونیکیشن سروسز جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار تاحال سست ہے جبکہ سوشل میڈیا پر پابندی برقرار ہے، بنگلادیش میں آج 7 گھنٹے کیلئے پابندیوں میں نرمی رہے گی اور دفاتر صبح 11 بجے سے دوپہر3 بجے تک کھلے رہیں گے۔
خیال رہے کہ کل حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں 93 فیصد اوپن میرٹ کا فیصلہ دیا تھا دوسری جانب طلبا کا مطالبہ ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ بحال کیا جائے، ونیورسٹیاں کھولی جائیں اور یونیورسٹی کیمپسز سے پولیس کو فوری نکالا جائے۔
اس کے علاوہ احتجاجی طلبا کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں گذشتہ ہفتے شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک 174 افراد ہلاک، سیکڑوں افراد زخمی جب کہ ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد کی گرفتاریاں ہوئیں ہیں۔