بنگلہ دیش: سابق فوجی افسر کو سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کرلیا

بنگلہ دیش: سابق فوجی افسر کو سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کرلیا
کیپشن: بنگلہ دیش: سابق فوجی افسر کو سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک سابق فوجی افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) افضل ناصر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حکام نے فوری طور پر گرفتاری کی وجوہات ظاہر نہیں کیں۔

پولیس حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے افضل ناصر کو اتوار کی شب ڈھاکہ کے علاقے میرپور سے حراست میں لیا۔ ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کی ڈیٹیکٹو برانچ کے جوائنٹ کمشنر محمد ناصرالاسلام نے پیر کے روز اس کارروائی کی تصدیق کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال گرفتاری کی وجوہات اور الزامات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق افضل ناصر ماضی میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس میں مارچ 2006 سے مارچ 2008 تک بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ انہیں 5 نومبر 2009 کو فوجی ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔ وہ جولائی 1984 میں بنگلہ دیش آرمی میں شامل ہوئے تھے اور ان کا تعلق ضلع نوآکھالی کے علاقے سین باغ سے بتایا جاتا ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں وہ میرپور ڈی او ایچ ایس میں مقیم تھے۔

یہ گرفتاری ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب ملک میں سیکیورٹی ادارے وسیع پیمانے پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی 2007-08 کے نگراں دور حکومت سے منسلک دو متنازع سابق اعلیٰ فوجی افسران کو حراست میں لیا جا چکا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد افضل ناصر کی گرفتاری سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Watch Live Public News