ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بیشتر معاملات طے پا چکے ہیں اور اس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت خطے کے اہم رہنماؤں سے رابطے ہوئے ہیں، جبکہ معاہدے کی حتمی تفصیلات اور آخری نکات پر بات چیت جاری ہے۔
ٹرمپ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے بھی اس حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
امریکی صدر نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ امریکا، ایران اور مختلف مسلم ممالک کے درمیان ایک وسیع مفاہمتی فریم ورک کا حصہ ہوگا، جسے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ان کی گفتگو ہوئی، جسے انہوں نے مثبت قرار دیا۔
اپنی پوسٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے اہم نکات پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے اور جلد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔