ایرانی،امریکی حکام کی ملاقات کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی 

ایرانی،امریکی حکام کی ملاقات کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی 
کیپشن: ایرانی،امریکی حکام کی ملاقات کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی 

ویب ڈیسک: ایران کی جانب سے امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری جاری رکھنے کے عندیے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو برینٹ خام تیل کی قیمت 92 سینٹ  کم ہوکر 102.16 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ  کی قیمت 77 سینٹ  کمی کے بعد 91.39 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔اس سے ایک روز قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ایرانی حکام کے مطابق تہران امریکا کی جانب سے پیش کی گئی امن تجاویز پر غور کر رہا ہے، جن میں ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا شامل ہے۔تاہم ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کے طریقہ کار پر اب بھی اختلافات برقرار ہیں۔

ایرانی سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ایران کی شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق سفارتی پیش رفت کی امید اور خلیجی خطے سے تیل کی سپلائی بحال ہونے کے امکانات نے عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ کم کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے طویل مذاکرات اور محنت درکار ہوگی، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس فوجی کارروائی کا راستہ بھی موجود ہے۔

پاکستان میں بھی گزشتہ روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ پیٹرول کی قیمت 1 روپے 93 پیسے کمی کے بعد 390 روپے 12 پیسے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 21 پیسے کمی کے بعد 414 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
 

Watch Live Public News