کوئٹہ : شعبان میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن ،13 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ : شعبان میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن ،13 دہشتگرد ہلاک

(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز  کے کلیئرنس آپریشن میں 13 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعقلات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن  ہے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس پر 21ستمبر سے کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہناہے کہ سیکیورٹی فورسز کو انٹیلیجنس اداروں سے شعبان میں بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔دہشتگردوں سے مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کے لئے آپریشن کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔اس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے کلئیر کروائے۔شعبان میں جاری کارروائی میں اب تک 13 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 22 اور 23 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کی کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں ،کیچ اور کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کاروائیوں میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔کیچ اور کوئٹہ میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور ہتھیار برآمد کیے گئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی جھڑپ میں 39 سالہ صوبے دار محمد جمیل شہید شہید ہوگئے،شہید  صوبیدار محمد جمیل کا تعلق تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔دھرتی کے بہادر سپوت نے فرض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

وزیر اعظم کا   سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کوئٹہ  کے علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی اور  بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے 13 دہشت گرد ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم نے بیان میں کہا کہ ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مزید 6 دہشت گردوں کی ہلاکت ہماری سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہیں۔

وزیراعظم کا شہید صوبیدار  محمد جمیل کو خراج عقیدت، جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ شہید صوبیدار محمد جمیل کی قربانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے شہید صوبیدار محمد جمیل کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Watch Live Public News