وفاقی دارلحکومت میں پبلک آرڈر ایکٹ نافذ، خلاف ورزی کرنے پر 3 سال قید کی سزا

وفاقی دارلحکومت میں پبلک آرڈر ایکٹ نافذ، خلاف ورزی کرنے پر 3 سال قید کی سزا

(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس حکم نامے کے تحت شہر میں کسی بھی قسم کے اجتماع، ریلی، جلسے یا اکٹھ کی قطعی اجازت نہیں ہو گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں 5 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے اور کسی بھی قسم کی عوامی سرگرمی پر مکمل ممانعت ہوگی۔یہ پابندی نفاذِ امن اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے یاد دہانی کرائی ہے کہ شہر میں اجتماعات پر یہ پابندی جدید ترین قانون ’پیس فل اسمبلی اور پبلک آرڈر ایکٹ 2024‘ کے تحت بھی عائد ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی، ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر تین سال قید کی سزا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں۔

انتظامیہ نے تمام شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہر میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔

Watch Live Public News