اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست اب "مجھے کیوں نہیں بچایا" کی مہم کے ساتھ اداروں کو نشانہ بنانے کی ہے، عمران خان کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہم بیان دیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دباؤ کا مقابلہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی بہتری کے مؤقف پر ڈٹے رہنے پر چیف الیکشن کمشنر ستائش کے مستحق ہیں، متنازع سے آئینی کردار میں منتقلی پر ہم تمام اداروں کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی سیاست اب "مجھے کیوں نہیں بچایا" کی مہم کے ساتھ اداروں کو نشانہ بنانے کی ہے، عمران خان کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام آگاہ ہیں کہ الیکشن کمیشن اور اس کے پی ٹی آئی حکومت کے منتخب کردہ چیف کو نشانہ بنانے کی عمران خان کی واحد وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ادارے کو عمران خان کی ٹائیگر فورس میں بدلنے سے انکار کردیا ہے،چیف الیکشن کمشنر اپنے ادارے اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر یہ سلسلہ جاری رہے تو ہم پرامید ہیں کہ مستقبل میں ایک مضبوط الیکشن کمیشن کو دیکھیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا اعلان دراصل فارن فنڈنگ کیس کے فیصلوں کو جاری نہ کرنے کے حوالے سے بلیک میلنگ اور صریحاً دباؤ کا ایک حربہ ہے، عمران خان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سچ غالب آئے گا۔