(ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک اچھے انسان ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی شخصیت متاثر کن ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دی ہیگ میں نیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو اجلاس میں بہت زیادہ اچھی چیزیں ہوئی ہیں، فوجی ساز و سامان پر اضافی رقم خرچ کی جائے گی، نیٹو کے دیگر ممالک کو بھی دفاعی اخراجات کا بوجھ اٹھانا ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کامیاب سیز فائر کرایا، امن کے قیام کے لیے جو ہو سکتا تھا ہم نے کیا۔ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے بہت کامیاب رہے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آئی اے ای اے کا بھی کہنا ہے کہ ایرانی تنصیبات کو بہت نقصان ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل تنازع اب ختم ہو چکا ہے، ایران اسرائیل کی بہت شدت سے جنگ ہوئی دونوں بہت تھک چکے، جنگ کے خاتمے سے دونوں بہت مطمئن ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات کی تباہی کے جائزے میں صرف اسرائیلی انٹیلی جنس پر انحصار نہیں کر رہے، ایران کے خلاف دباؤ کی پالیسی جاری رکھیں گے، ہم نے ایران پر بہت تیزی سے حملہ کیا تھا، اسے جوہری مواد منتقل کرنے کا وقت نہیں ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ اگلے ہفتے بات ہو سکتی ہے، اگلے ہفتے ایران سے بات ہو گی، معاہدے پر دستخط بھی ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ قطر میں امریکی ایئر بیس پر ایران کا حملہ ناکام بنایا گیا، العدید ایئر بیس پر داغے گئے تمام 14 ایرانی میزائل تباہ کیے گئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ یوکرینی صدر سے ملاقات میں جنگ بندی پر بات نہیں ہوئی، صدر پیوٹن سے یوکرین میں جنگ کے خاتمے پر بات کروں گا۔