لاہور میں نئے صوبوں پر طلباء کا براہِ راست ریفرنڈم، صحافی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی دلچسپ گفتگو

لاہور میں نئے صوبوں پر طلباء کا براہِ راست ریفرنڈم، صحافی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی دلچسپ گفتگو
کیپشن: لاہور میں نئے صوبوں پر طلباء کا براہِ راست ریفرنڈم، صحافی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی دلچسپ گفتگو

ویب ڈیسک: لاہور میں منعقدہ ایک اہم قومی مکالمے کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو اس وقت انتہائی دلچسپ صورتحال اختیار کر گئی جب مہمانِ خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور صحافی و ماڈریٹر حیدر منیر نے ہال میں موجود سینکڑوں طلباء و طالبات سے براہِ راست رائے شماری کروا لی۔ نوجوانوں کے اس منفرد ریفرنڈم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پینل ڈسکشن کے دوران صحافی حیدر منیر ہال میں بیٹھے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ "جو لوگ نئے صوبوں کے بننے کے حامی ہیں اور اس کے حق میں ہیں، وہ اپنا ہاتھ کھڑا کریں۔" ابتدا میں طلباء کی ایک بڑی تعداد نے ہاتھ کھڑے کیے، جس پر اسٹیج پر موجود اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ماحول کو مزید دلچسپ بناتے ہوئے کہا کہ "اچھا چلیں ایسے کریں، ٹھہریں! جو نئے صوبوں کے حامی ہیں ذرا وہ کھڑے ہو جائیں بیٹا، جو چاہتے ہیں کہ بن جائیں وہ کھڑے ہو جائیں۔"
اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اس اپیل پر ہال میں موجود 90 فیصد سے زائد طلباء و طالبات فوری طور پر اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے، جس پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے مسکراتے ہوئے برجستہ کہا کہ "پھر پیچھے رہ ہی کیا گیا!" نوجوانوں کے اس پرجوش اور غیر متوقع ردعمل پر اسٹیج پر موجود نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی سمیت تمام شرکاء نے تالیاں بجا کر طلباء کے شعور کو داد دی اور پورا ایوان تالیوں سے گونج اٹھا۔
واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والے اس اہم "نیشنل ڈائیلاگ" میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، لیاقت بلوچ، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے سینئر رہنما طلحہ سعید، دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین، اور سینئر تجزیہ کار سلمان غنی و حفیظ اللہ نیازی شریک تھے، جبکہ ماڈریٹر کے فرائض صحافی حیدر منیر نے سرانجام دیے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالے سے نوجوان نسل کے اس واضح مؤقف اور دلچسپ ویڈیو کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News