ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے متعلق ایک اہم ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے، جس کے تحت امریکی سرمایہ کار اب اس پلیٹ فارم کی ملکیت سنبھالیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے اس معاہدے کی منظوری میں شاندار کردار ادا کیا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ٹک ٹاک کی ملکیت کی منتقلی کے اس فیصلے کا مقصد امریکی صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ بنانا اور ایپ کے مستقبل کو شفاف بنانا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے امریکی سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید مواقع میسر آئیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات میں بھی بہتری کی امید ہے۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ آج مسلم ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی بات چیت انتہائی مثبت رہی۔ انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور جلد معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کو بھی ’’شاندار اور نتیجہ خیز‘‘ قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلے نہ صرف امریکی معیشت بلکہ عالمی سطح پر امن اور تعاون کے لیے بھی اہم ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹک ٹاک کے نئے انتظامی ڈھانچے اور غزہ کے حوالے سے ہونے والی بات چیت خطے میں مثبت تبدیلی کا آغاز کرے گی۔