ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے سیاسی لائحہ عمل میں اہم فیصلے کرتے ہوئے نااہل ارکان کی خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، تاہم لاہور کے حلقہ این اے 129 میں الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پارٹی بانی چیئرمین کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے سیاسی معاملات میں کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق تمام سیاسی فیصلے آئندہ بھی مزید مشاورت کے بعد اسی کمیٹی کے سپرد رہیں گے۔
اعلامیے میں توشہ خانہ ٹرائل کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اڈیالہ جیل میں مقدمے کی روزانہ سماعت ملزمان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ روزانہ سماعت انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بنے گی اور یہ عمل یکطرفہ کارروائی کو ظاہر کرتا ہے۔
اجلاس میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات اور ان میں سزا یافتہ اراکین پر بھی بات چیت ہوئی۔ کمیٹی نے کہا کہ نااہل قرار دیے جانے والے ارکان ہمارے حقیقی نمائندے ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ انہی اراکین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے طور پر کیا گیا ہے۔
تاہم کمیٹی نے اعلان کیا کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 میں میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر امیدوار کھڑا کیا جائے گا اور پی ٹی آئی انتخابی میدان میں اترے گی۔
اس کے ساتھ ہی کمیٹی نے بانی چیئرمین کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفے دینے کا اعلان بھی کیا۔ پارٹی نے اپنے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی استعفیٰ دیں۔
یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی حکمتِ عملی میں ایک نئے موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے آنے والے ضمنی انتخابات اور پارلیمانی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔