آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری
کیپشن: آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کیلئے پولنگ جاری

ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ۔ میرپور، کوٹلی اور بھمبر اضلاع کے ووٹر ز نےاپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔

انتخابی میدان میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار مدمقابل ہیں۔

انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر، جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کا کہنا ہے کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ پُرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے یا انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1,107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

Watch Live Public News