ویب ڈیسک: اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی مدد کیلئے 600,000 ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے یہ اعلان نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 10 دنوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 400 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 190 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کو خدشہ ہے کہ 20,000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور انہیں پناہ، طبی امداد اور نقد امداد کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی، حفظان صحت کے سامان اور خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 جون سے جاری مون سون بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور صورتحال سنگین ہے۔
مقامی حکام کے مطابق تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 798 افراد ہلاک اور خواتین اور بچوں سمیت 1000 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیاں مقامی حکام اور شراکت دار ایجنسیوں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور سیلاب زدگان کی مدد کیلئے آگے آئے۔