کولمبیا: صدارتی امیدوار کو قتل کرنیوالے 15 سالہ ملزم نے سزا سنا دی گئی

کولمبیا: صدارتی امیدوار کو قتل کرنیوالے 15 سالہ ملزم نے سزا سنا دی گئی

ویب ڈیسک: کولمبیا میں صدارتی امیدوار اور اپوزیشن رہنما میگوئل اُریبی پر فائرنگ کرنے والے 15 سالہ ملزم کو 7 سال کے لیے جُوینائل  میں قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق کم عمر حملہ آور کو ’خصوصی اصلاحی مرکز میں 7 سال تک آزادی سے محروم‘ رکھا جائے گا۔ ملزم پر قتل کی بجائے اقدامِ قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے کیونکہ کولمبیا کے قانون کے تحت نابالغ ملزم کے خلاف فردِ جرم ایک بار طے ہوجانے کے بعد تبدیل نہیں کی جا سکتی۔

یاد رہے کہ 39 سالہ میگوئل اُریبی کو جون میں انتخابی مہم کے دوران بوگوٹا میں گولی ماری گئی تھی۔ وہ دو ماہ تک ہسپتال میں زیرِ علاج رہے اور 11 اگست کو دماغ میں خون بہنے کے باعث دم توڑ گئے تھے۔

واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اُریبی ایک انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک گولیوں کی آواز گونجی اور وہ خون میں لت پت زمین پر گر پڑے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور نے اُریبی پر 3 گولیاں چلائیں، جن میں 2 سر پر لگیں۔ بعد ازاں اُریبی کے محافظوں نے ملزم کو زخمی حالت میں قابو کر کے پولیس کے حوالے کیا۔

اس واقعے کے بعد 5 بالغ افراد کو بھی سنگین قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کا حکم کس نے دیا اور مقصد کیا تھا۔

یہ واقعہ کولمبیا کی اُس خونی سیاسی تاریخ کی یاد دلاتا ہے جب بیسویں صدی کے دوسرے نصف میں 5 صدارتی امیدواروں کو قتل کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News