یو اے ای کے 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

یو اے ای کے 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر
کیپشن: یو اے ای کے 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کا 5 سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا بدستور دستیاب ہے، جس کے تحت پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے شہری بار بار یو اے ای کا سفر کر سکتے ہیں۔

اس ویزے کے تحت ہر بار 90 روز تک قیام کی اجازت دی جاتی ہے، جبکہ مقررہ شرائط پوری ہونے پر مزید 90 روز کی توسیع بھی ممکن ہے۔ تاہم ایک سال کے دوران مجموعی قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہو سکتا۔

درخواست کے لیے اہم شرائط

یو اے ای حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، واپسی یا اگلی منزل کا کنفرم ٹکٹ، درست ہیلتھ انشورنس اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران کم از کم 4 ہزار امریکی ڈالر (یا مساوی رقم) بینک اکاؤنٹ میں موجود ہونے کا ثبوت ہونا ضروری ہے۔ پاکستانی شہریوں کے لیے قومی شناختی کارڈ اور حالیہ رنگین پاسپورٹ سائز تصویر بھی لازمی دستاویزات میں شامل ہیں۔

درخواست اور فیس

درخواست آئی سی پی (ICP) یا جی ڈی آر ایف اے (GDRFA) کی آن لائن سروسز، کسٹمر سروس سینٹرز یا ٹائپنگ سینٹرز کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ مکمل دستاویزات جمع ہونے کے بعد ویزا عموماً 48 گھنٹوں میں جاری کر دیا جاتا ہے۔

آئی سی پی کے ذریعے درخواست کی مجموعی فیس تقریباً 3,775 درہم جبکہ جی ڈی آر ایف اے کے ذریعے 3,713.5 درہم ہے، جس میں درخواست، ویزا اجرا، سیکیورٹی ڈپازٹ اور دیگر سروس چارجز شامل ہیں۔

درخواست مسترد ہونے کی وجوہات

حکام کے مطابق اگر درخواست گزار مقررہ وقت میں مطلوبہ دستاویزات یا معلومات فراہم نہ کرے، یا درخواست بار بار نامکمل ہونے کے باعث واپس آئے، تو اسے خودکار طور پر مسترد کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح ویزے کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی صورت میں جرمانہ، سیکیورٹی ڈپازٹ کی ضبطی اور مستقبل میں ویزا درخواست مسترد ہونے جیسے نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ البتہ ویزا مسترد ہونے کی صورت میں متعلقہ شرائط کے مطابق سیکیورٹی ڈپازٹ اور بعض فیسوں کی واپسی ممکن ہے۔

Watch Live Public News