ویب ڈیسک: سری لنکا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھر میں صرف 4 لیٹر پیٹرول رکھنے پر شہری کو قید کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے ضلع کُرونیگالا کے علاقے کوبیگانے سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ شہری کو غیر قانونی طور پر پیٹرول ذخیرہ کرنے کے الزام میں 21 دن قید اور تقریباً 1,500 روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔
پولیس کا مؤقف تھا کہ ایندھن ذخیرہ کرنے پر عائد پابندی کے دوران ملزم کو 4 لیٹر پیٹرول کے ساتھ گرفتار کیا گیا، جس پر اس کے خلاف پیٹرولیم مصنوعات (ریگولیشن اینڈ کنٹرول آف سپلائیز) ایکٹ نمبر 34 آف 1979 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ پیٹرول فروخت کے لیے نہیں رکھا گیا تھا بلکہ اسے گھاس کاٹنے والی مشین میں استعمال کے لیے گھر میں رکھا گیا تھا۔
وکیل صفائی نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق رجسٹرڈ گاڑی مالک پیٹرول استعمال کرنے کا مجاز ہوتا ہے، تاہم قانون میں ذخیرہ کرنے کی واضح حد مقرر نہیں، جس کے باعث محض 4 لیٹر پیٹرول پر کارروائی کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔